بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر
نیپرا کے مطابق یہ کمی نومبر کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 93 پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا کے مطابق یہ کمی نومبر کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، جس کا فائدہ صارفین کو جنوری کے بجلی کے بلوں میں دیا جائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق اس کمی کا اطلاق کراچی سمیت پورے ملک کے تمام صارفین پر ہوگا، تاہم پروٹیکٹڈ صارفین، لائف لائن صارفین اور الیکڑک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے صارفین پر فیصلہ لاگو نہیں ہوگا۔
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ حکومت کو بجھوا دیا، جبکہ صارفین کے نرخوں کی سالانہ نظرِ ثانی یکم جنوری سے مؤثر ہونی ہے۔
نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے جنوری 2026 سے دسمبر 2026 تک کے عرصے کے لیے صارفین کے نرخوں پر نظرِ ثانی کی اور اس سلسلے میں اپنا فیصلہ جاری کیا۔
نیپرا اتھارٹی کا متعین ٹیرف وفاقی حکومت کو یکساں نرخ کی درخواست دائر کرنے کے لیے ارسال کر دیے گئے ہیں، سال 2026 کے لیے قومی اوسط نرخِ بجلی 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، جو کہ مالی سال 26-2025 کے لیے پہلے سے مقررہ 34 روپے فی یونٹ کے مقابلے میں 62 پیسے فی یونٹ کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سولر صارفین کے لیے نیپرا کی نئی تجاویز: کیا نقصانات ہو سکتے ہیں؟
نیپرا کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے لیے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی مجموعی مالی ضرورت کا تخمینہ 3379 ارب روپے لگایا گیا ہے، جس میں 2923 ارب روپے بجلی کی خریداری کی قیمت اور 456 ارب 15کروڑ روپے تقسیم کار کمپنیوں کے اخراجات منافع اور گزشتہ سال کی مالی ایڈجسٹمنٹ کے لیے شامل ہیں، جبکہ متوقع بجلی فروخت 101234 گیگا واٹ ہے۔
یہ فیصلہ اس کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے جب سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے نیپرا سے درخواست کی تھی کہ صارفین کو جنوری کے بلوں میں فی یونٹ 72 پیسے واپس کیے جائیں، جس سے صارفین کو 5.6 ارب روپے سے زائد کا مجموعی ریلیف مل سکتا تھا۔
نیپرا ہر ماہ عالمی ایندھن کی قیمتوں اور بجلی پیدا کرنے کی لاگت کا جائزہ لے کر فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کرتا ہے، جس کا اثر بعد کے بلوں میں صارفین تک منتقل کیا جاتا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ حکومت نے بجلی کے نرخوں کے تعین کا نظام مالی سال کے بجائے کیلنڈر سال کی بنیاد پر منتقل کر دیا ہے، اور نیا صارف ٹیرف یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سولر صارفین کے لیے نیپرا کی نئی تجاویز: کیا نقصانات ہو سکتے ہیں؟
نیپرا کے مطابق 2026 کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی مجموعی مالی ضرورت 3 ہزار 379 ارب روپے ہے، جس میں 2 ہزار 923 ارب روپے بجلی کی خریداری
456 ارب روپے آپریشنل اخراجات اور منافع شامل ہیں، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سالانہ بجلی کی فروخت 101 ارب یونٹس متوقع ہے اور نئے ٹیرف کے ذریعے شعبے کی مالی ضروریات پوری کی جا سکیں گی۔
