فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور
فیلڈ مارشل نے فارمیشن کے زیرِ اہتمام تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے فارمیشن کے زیرِ اہتمام تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا اور مستقبل کی جنگوں کے حوالے سے تیاریوں اور جدت اپنانے پر زور دیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کو فراہم کردہ کھیلوں اور تفریحی سہولتوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ لاہور میں ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے طبی عملے اور انتظامیہ کی خدمات کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 2025 کے ہیرو قرار
علاوہ ازیں چیف آف ڈیفنس فورسز نے لاہور گیریژن میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ پاک فوج کا اولین مشن ہے، پاک فوج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم ہے۔ افواج اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کو فروغ دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، جوانوں کی جسمانی فٹنس اور مورال ہماری ترجیح ہے۔
