پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائز کی نیلامی سے پی سی بی کو کتنا فائدہ ہوگا؟

پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائز کی نیلامی سے پی سی بی کو کتنا فائدہ ہوگا؟

محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کو ہونے والے منافع کا انکشاف کردیا۔

لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل فرنچائز کی نیلامی سے پی سی بی کو 36 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پی ایس ایل فرنچائز بڈنگ سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ آج ہونے والی بڈنگ کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مجموعی طور پر 36 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل چند روز قبل پی آئی اے کی بڈنگ کا ہی تسلسل ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ فواد سرور جو آج سے چھبیس سال قبل امریکا گئے تھے، اب پاکستان سپر لیگ کی ایک فرنچائز کے مالک بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڈنگ کے عمل میں امریکا سے پانچ کمپنیوں نے حصہ لیا جو عالمی سطح پر پی ایس ایل کی مقبولیت کا ثبوت ہے جب کہ او زی ڈویلپرز کے مالک حمزہ مجید اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل بھی اس پیش رفت پر بے حد خوش ہیں اور انہیں فخر ہے کہ یہ سرمایہ کھیلوں پر خرچ ہوگا جو نہ صرف نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرے گا بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرے گا۔

اس موقع پر پاکستان میں امریکا کی ناظم الامور نٹالی بیکر نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکی نمائندہ کے طور پر اس تقریب میں شامل ہوکر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کے مزید مضبوط ہونے کی علامت ہے۔ نٹالی بیکر نے آسٹریلیا میں مقیم حمزہ مجید کو بھی فرنچائز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

ایف کے ایس کے مالک فواد سرور نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہو رہی ہے اور یہ ان کے بچپن کے خواب کی تکمیل ہے۔

انہوں نے اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں شمولیت پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

او زی گروپ کے مالک حمزہ مجید نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرکٹ ان کے خون میں بہتی ہے۔ سیالکوٹ کے پاس پہلے ہی ائیرپورٹ موجود تھا، اب وہاں پی ایس ایل کی ٹیم بھی آگئی ہے۔

حمزہ مجید نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ انشاء اللہ پی ایس ایل سیزن الیون جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے