ٹی 20 سیریز، کینگروز ٹیم کے پاکستان پہنچنے کی ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی
تین میچز پر مشتمل یہ سیریز مکمل طور پر لاہور میں کھیلی جائے گی
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان متوقع ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جس کے تحت آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 27 جنوری کو پاکستان پہنچنے کا امکان رکھتی ہے۔
تین میچز پر مشتمل یہ سیریز مکمل طور پر لاہور میں کھیلی جائے گی اور دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے انعقاد کے لیے تین مختلف ممکنہ شیڈول کرکٹ آسٹریلیا کو ارسال کر دیے ہیں۔
مجوزہ منصوبہ بندی کے تحت مہمان ٹیم 26 یا 27 جنوری کو پاکستان آئے گی اور 2 فروری تک لاہور میں قیام کرے گی۔
بھجوائے گئے شیڈولز میں ایک تجویز یہ بھی شامل ہے کہ سیریز کے دو میچز مسلسل دنوں میں کھیلے جائیں جبکہ تیسرے میچ سے قبل ایک دن کا وقفہ رکھا جائے۔
دوسرے مجوزہ پلان میں تینوں میچز کے درمیان ایک ایک دن کا وقفہ دینے کی تجویز ہے، جبکہ تیسرے آپشن کے مطابق پہلا میچ الگ دن اور اس کے بعد دو میچز بیک ٹو بیک کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
پی سی بی حکام کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی حتمی رضامندی کے بعد سیریز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد آسٹریلوی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے اختتام پر ون ڈے سیریز کے لیے بھی پاکستان کا دورہ کرے گی، جس سے شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کے میچز دیکھنے کا بھرپور موقع ملے گا۔
