یورپ برفانی طوفان گوریٹی کی لپیٹ میں، برطانیہ و فرانس سمیت متعدد ممالک میں الرٹ جاری

یورپ برفانی طوفان گوریٹی کی لپیٹ میں، برطانیہ و فرانس سمیت متعدد ممالک میں الرٹ جاری

مختلف علاقوں میں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری تک گر سکتا ہے

یورپ شدید موسمی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں بحرِ اوقیانوس سے اٹھنے والا طاقتور طوفان ’’گوریٹی‘‘ فرانس اور برطانیہ سے ٹکرا گیا ہے، جبکہ پولینڈ، اٹلی اور سویڈن سمیت کئی ممالک شدید سردی اور بھاری برفباری کے خطرے سے دوچار ہیں۔

فرانسیسی محکمہ موسمیات میٹیو فرانس کے مطابق طوفان گوریٹی شمال مغربی فرانس میں طوفانی ہواؤں اور بلند سمندری لہروں کے ساتھ داخل ہوا ہے۔

نارمنڈی کے ساحلی علاقے مانش (Manche) کو تیز ہواؤں کے باعث ریڈ الرٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ متعدد دیگر اضلاع میں ساحلی سیلاب اور آندھی کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

مانش کے پریفیکٹ مارک شاپوئی نے فرانسیسی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جمعہ کی صبح اسکول بند رہیں گے، جبکہ پارکس، باغات اور عوامی سمندری علاقوں میں داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔

انہوں نے صورتحال کو ’’غیر معمولی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو موبائل فونز پر ہنگامی الرٹ پیغامات بھیج دیے گئے ہیں اور رات بھر 800 فائر فائٹرز تعینات رہیں گے۔

ادھر برطانیہ کے محکمہ موسمیات میٹ آفس نے کارنوال اور آئلز آف سِلی کے لیے ایمبر وِنڈ وارننگ جاری کر دی ہے۔ انتباہ کے مطابق طوفان عمارتوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے، ٹرانسپورٹ نظام متاثر ہو سکتا ہے، پروازیں اور ٹرینیں منسوخ ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو سکتی ہے۔

اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی میں مغرب سے چلنے والی شدید مسٹرال ہوائیں متوقع ہیں۔ کالابریا اور سسلی میں موسلادھار بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ ملک کے کئی حصوں میں شدید سردی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب پولینڈ میں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر وارسا کے میئر نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

سویڈن میں بھی محکمہ موسمیات  نے ملک بھر میں ریڈ اور اورنج الرٹس جاری کرتے ہوئے شدید برفباری اور تیز ہواؤں سے خبردار کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یورپ اس وقت شدید موسمی تبدیلیوں کے اثرات کی زد میں ہے، جہاں طوفان، برفانی ہوائیں اور خطرناک سردی عوامی زندگی کو مفلوج کر سکتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے