وزیراعظم نے اسپیکر ایاز صادق کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دیدیا
مذاکرات صرف تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے ہوں گے
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی ایاز صادق کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دے دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے معاملے میں اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے پیشکش کے باوجود ابھی تک اپوزیشن کی طرف سے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر ایاز صادق نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں مذاکرات کی دعوت دی تھی، جسے حکومت کے وفد نے قبول کر لیا ہے جبکہ وزیراعظم نے بھی اسپیکر کو مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات صرف تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے ہوں گے، غیر منتخب رہنماؤں سے بات چیت نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: اگر پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے تیار ہے توحکومت بھی تیارہے، وزیراعظم
تاہم، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی بھی برقرار رکھی ہوئی ہے اور اپوزیشن کی رضا مندی کے بعد فوری طور پر اجلاس بلایا جائے گا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف نے اسپیکر سے آخری ملاقات محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے حوالے سے کی تھی، تاہم اس کے بعد مذاکرات کے لیے کوئی رابطہ عمل میں نہیں آیا۔
