تائیوان کا ایف 16 لڑاکا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، پائلٹ لاپتہ، تمام ٹریننگ مشنز معطل
حادثہ ہوالیئن کے جنوب میں تقریباً 57 کلومیٹر دور سمندر میں پیش آیا
تائیوان میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ائیر فورس کا جدید F-16V لڑاکا طیارہ مشرقی ساحل کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
پائلٹ کی تلاش جاری ہے لیکن ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا، جس پر تائیوان کی ائیر فورس نے تمام F-16 طیاروں کی ٹریننگ مشنز فوری طور پر معطل کر دیے ہیں۔
یہ سنگل سیٹ F-16V طیارہ، جو تائیوان ائیر فورس کی ففتھ ٹیکٹیکل فائٹر ونگ کا حصہ ہے، منگل کی شام 6:17 پر ہوالیئن ائیر بیس سے ٹیک آف کیا۔
رات کی ٹریننگ مشن کے دوران شام 7:29 پر ریڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ حادثہ ہوالیئن کے جنوب میں تقریباً 57 کلومیٹر دور سمندر میں پیش آیا، جہاں طیارہ کی اونچائی تقریباً 1700 فٹ تھی۔
پائلٹ کیپٹن ہسین پو یی (29 سالہ) نے تیزی سے بلندی کم ہونے کی رپورٹ کی اور آخری لمحات میں ریڈیو پر تین بار ایجیکٹ، ایجیکٹ، ایجیکٹ کہا۔
ائیر فورس کا خیال ہے کہ انہوں نے طیارہ چھوڑنے کی کوشش کی، لیکن ابھی تک ایمرجنسی بیکن یا کوئی سگنل نہیں ملا، جس سے یہ واضح نہیں کہ وہ کامیابی سے ایجیکٹ ہو سکے۔
ائیر فورس حکام کے مطابق حادثے کی وجہ طیارے کا مرکزی آن بورڈ کمپیوٹر (مڈیولر مشن کمپیوٹر) فیل ہونا تھا، جس سے فلائٹ پاتھ اور ایٹی ٹیوڈ کی معلومات غائب ہو گئیں۔
میجر جنرل چیانگ جیانگ یی نے بتایا کہ احتیاطاً تمام F-16 طیاروں کی ٹریننگ روک دی گئی ہے اور مکمل مینٹیننس چیک جاری ہیں۔
تلاش اور ریسکیو آپریشن بدھ کو بھی جاری ہے، جس میں ائیر کرافٹ، نیول جہاز اور ہیلی کاپٹرز شامل ہیں۔ تاہم تیز ہواؤں، 3 میٹر اونچی لہروں اور خراب موسم نے کام مشکل بنا دیا ہے۔
ڈیفنس منسٹری نے کہا کہ تلاش معمول کے 72 گھنٹوں سے آگے بھی جاری رہے گی۔
