ٹیم ورلڈکپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی، بنگلہ دیش کا آئی سی سی کو خط

ٹیم ورلڈکپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی، بنگلہ دیش کا آئی سی سی کو خط

بھارت اس وقت محفوظ نہیں، اسی لیے بنگلہ دیش کی ٹیم کسی صورت بھارت کا دورہ نہیں کرے گی، موقف

ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے اپنی ٹیم کو بھارت بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔

بی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھیجے گئے خط کا تفصیلی اور دستاویزی جواب ارسال کر دیا ہے، جس میں ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کی وجوہات واضح کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی کے اٹھائے گئے تمام سوالات کے شواہد کے ساتھ جواب بھجوا دیا ہے، جبکہ کھلاڑیوں، صحافیوں، میڈیا پرسنز، شائقین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سکیورٹی اور ویزا مسائل پر بھی عالمی کرکٹ ادارے کو آگاہ کیا گیا ہے۔

خط کے ساتھ بنگلہ دیش حکومت کا مؤقف اور سرکاری بیانات بھی بطور شواہد شامل کیے گئے ہیں، جن میں بھارت میں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور پالیسی خدشات کو دہرایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:  آئی سی سی بنگلہ دیش  پر بھارت کو ترجیح دینے لگا

بی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ٹیم کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں انتہا پسند عناصر کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کا بھی حوالہ دیا ہے اور بتایا ہے کہ انہی خدشات کے باعث بی سی سی آئی کے حکم پر آئی پی ایل میں بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کو فارغ کیا گیا۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض الرحمن کو اسکواڈ سے نکال دیا تھا، جس پر بی سی بی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بھارت اس وقت محفوظ نہیں، اسی لیے بنگلہ دیش کی ٹیم کسی صورت بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔

بنگلہ دیش حکومت نے بھی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، جبکہ آئی سی سی بی سی بی کے جواب کا جائزہ لے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے