بنگلادیش ایئر فورس کے سربراہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنگلادیش کے ساتھ دیرپا دفاعی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔
راولپنڈی: بنگلادیش ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فریقین نے علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی جب کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر تربیتی تبادلوں اور دفاعی تعاون میں وسعت لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا جب کہ بنگلادیشی فضائیہ کے سربراہ نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری سطح پر تعاون کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنگلادیش کے ساتھ دیرپا دفاعی تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
ملاقات کا اختتام دونوں برادر ممالک کے مضبوط، تاریخی اور دوستانہ تعلقات کے اظہار پر ہوا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور بنگلادیش خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
