سردیوں میں ورزش کرنا تازگی اور توانائی کا باعث بن سکتا ہے تاہم ٹھنڈے موسم میں جسم کو چوٹ لگنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ٹھنڈک کے باعث پٹھے سخت ہوجاتے ہیں، خون کی روانی متاثر ہوتی ہے اور پھسلنے یا توازن بگڑنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس لیے سردیوں میں ورزش سے پہلے اور بعد میں خاص احتیاط ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹھنڈے موسم میں پٹھوں کا درجہ حرارت کم ہوجاتا ہے جس سے وہ کمزور اور جلد متاثر ہونے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہاتھوں اور پیروں میں خون کی نالیاں سکڑنے سے جسمانی ہم آہنگی متاثر ہوسکتی ہے جو چوٹ کا سبب بن سکتی ہے۔
سردیوں میں محفوظ ورزش کے لیے اہم نکات
مکمل وارم اپ کریں
ورزش شروع کرنے سے پہلے کم از کم بیس منٹ تک ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی کریں تاکہ پٹھے گرم ہوجائیں اور جسم تیار ہوسکے۔
مناسب لباس پہنیں
ہلکے مگر گرم کپڑے پہنیں، تہہ در تہہ لباس جسم کو گرم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ سر، ہاتھ اور پاؤں کو خاص طور پر ڈھانپنا ضروری ہے۔
خوراک اور پانی کا خیال رکھیں
سردیوں میں پیاس کم محسوس ہوتی ہے مگر پانی پینا اتنا ہی ضروری ہے۔ ورزش سے پہلے توانائی بخش غذا اور بعد میں متوازن خوراک جسم کو بحال رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
موسم کی صورتحال دیکھیں
اگر شدید سردی، بارش یا پھسلن ہو تو باہر ورزش سے گریز کریں اور متبادل انتظام کریں۔
ورزش کے بعد آہستہ آہستہ آرام کریں
اچانک رکنے کے بجائے ہلکی چہل قدمی کریں اور پھر اسٹریچنگ کریں تاکہ پٹھے سخت نہ ہوں۔
گیلے کپڑے فوراً تبدیل کریں
پسینے یا بارش سے بھیگے کپڑے جسم کو تیزی سے ٹھنڈا کردیتے ہیں، اس لیے فوراً خشک کپڑے پہنیں۔
چوٹ کی علامات پر نظر رکھیں
شدید کپکپی، سستی، سن ہونا یا جلد کا رنگ بدلنا خطرے کی علامت ہوسکتا ہے، ایسی صورت میں فوری توجہ ضروری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب احتیاط کے ساتھ سردیوں میں ورزش نہ صرف محفوظ بلکہ صحت کے لیے بے حد مفید بھی ثابت ہوسکتی ہے۔
