ملک بھر میں بجلی کا یکساں ریٹ نافذ کرنے کی تیاری، کے الیکٹرک صارفین بھی شامل
وفاقی حکومت نے نیپرا میں تمام ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے یونیفارم ٹیرف لاگو کرنے کی باضابطہ درخواست دائر کردی۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی کا ایک جیسا ریٹ نافذ کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
وفاقی حکومت نے اس مقصد کے تحت نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں تمام ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے یونیفارم ٹیرف لاگو کرنے کی باضابطہ درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی کے موجودہ ٹیرف نوٹیفکیشن میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے جس کے تحت اب کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی قومی سطح پر یکساں بجلی نرخ لاگو ہوں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں برابری اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
وفاقی حکومت نے نیپرا کو جمع کرائی گئی درخواست میں واضح کیا ہے کہ ٹیرف ریشنلائزیشن سے اضافی ریونیو حاصل کرنا مقصود نہیں بلکہ یہ قدم بجلی کے شعبے میں نظم و ضبط اور مالی استحکام کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے شعبے میں طویل المدتی بہتری کے لیے سبسڈی کا بتدریج خاتمہ ناگزیر ہے تاہم صارفین کو ریلیف دینے کے لیے ہدفی سبسڈی کا نظام برقرار رکھا جائے گا۔
یونیفارم ٹیرف شیڈول کو وفاقی کابینہ کی منظوری کے لیے بھی پیش کردیا گیا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ ایک ہی ملک میں مختلف بجلی نرخ صارفین کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہیں جسے ختم کرنا ضروری ہے۔
نیپرا حکومت کی اس درخواست پر 12 جنوری کو سماعت کرے گا۔ اگر نیپرا نے تجویز کی منظوری دے دی تو نیپرا ایکٹ کے سیکشن 31 کے تحت نظرثانی شدہ ٹیرف نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جس کے بعد نئے بجلی نرخوں کا اطلاق 15 جنوری سے متوقع ہے۔
