امریکی بحریہ کا وینزویلا کی ناکہ بندی سے بچ نکلنے والے روسی تیل بردار بحری جہاز پر قبضہ
یہ جہاز طویل عرصے سے نگرانی میں تھا اور اس سے قبل بھی اسے روکنے کی کوششیں کی جاچکی تھیں،امریکی حکام
واشنگٹن: امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے وینزویلا کی ناکہ بندی سے بچ نکلنے والے روسی تیل بردار بحری جہاز پر قبضہ کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ جہاز طویل عرصے سے نگرانی میں تھا اور اس سے قبل بھی اسے روکنے کی کوششیں کی جاچکی تھیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹینکر روسی آبدوز اور جنگی بحری جہاز کی حفاظت میں سفر کررہا تھا اور گزشتہ ماہ وینزویلا کی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ یہ جہاز روس، ایران اور وینزویلا جیسے پابندیوں زدہ ممالک سے خام تیل کی ترسیل میں ملوث ’’شیڈو فلیٹ‘‘ کا حصہ تھا۔
روس کی وزارتِ خارجہ نے امریکی اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاز امریکی ساحل سے کافی دور اور روسی پرچم کے تحت سفر کر رہا تھا تاہم اسے امریکی اور نیٹو افواج کی غیر معمولی نگرانی کا سامنا کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ تعاقب کے دوران جہاز نے اپنی رجسٹریشن روس منتقل کرکے اپنا نام ’’مارینرا‘‘ رکھ لیا اور عملے نے ٹینکر پر روسی پرچم نمایاں طور پر پینٹ کردیا تھا۔
یہ کارروائی وینزویلا کے گرد امریکی جزوی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہاز کے خلاف کی گئی سب سے حالیہ ایکشن ہے جس نے عالمی سطح پر روس اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
