اسلام آباد میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر، سی ڈی اے کا بڑا منصوبہ
منصوبے کو اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے باضابطہ طور پر ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔
منصوبے کو اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق نیا کرکٹ اسٹیڈیم سیکٹر ڈی-12 کے قریب تعمیر کیا جائے گا اور اس منصوبے کے لیے الیکٹرانک بڈنگ (ای بڈنگ) کے ذریعے ٹینڈرز طلب کیے گئے ہیں۔
ٹینڈر دستاویزات میں واضح کیا گیا ہے کہ منصوبہ ای پی سی (Engineering, Procurement and Construction) موڈ کے تحت مکمل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد سے گدھوں کے گوشت کی ترسیل کہاں ہورہی تھی؟ ہوشربا انکشافات
ٹینڈر کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم منصوبے کے لیے 12 کروڑ روپے کی بڈ سیکیورٹی لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ بڈز جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ دارالحکومت میں جدید اسپورٹس انفراسٹرکچر کی کمی کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ نئے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر سے نہ صرف قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے انعقاد میں سہولت ملے گی بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
