پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں مزید دو ٹیموں کے اضافے کے لیے اعلان کیا ہے کہ تیسرا بولی دہندہ بھی باضابطہ طور پر اہل قرار دے دیا گیا ہے جس کے بعد پی ایس ایل کی توسیع کے حوالے سے جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔
پی سی بی نے پیر کے روز اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے بتایا کہ وی جی او ٹیل موبائل کو بولی دہندہ نمبر تین کے طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔ پی ایس ایل ٹیموں کی نیلامی کے لیے تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔
دو نئی ٹیموں کے حقوق کے لیے بولی جمعرات کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی جب کہ پی ایس ایل کا آئندہ سیزن 26 مارچ سے 3 مئی تک شیڈول کیا گیا ہے۔
اس سے قبل پی سی بی نے پہلے اور دوسرے بولی دہندگان کی تصدیق بھی کردی تھی جس کے بعد تاریخی نیلامی کے حوالے سے توقعات مزید بڑھ گئیں ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کو چھ ٹیموں سے بڑھا کر آٹھ ٹیموں تک لے جانے کے منصوبے کے تحت پی سی بی نے دلچسپی رکھنے والے گروپس کی تکنیکی جانچ مکمل کرلی ہے۔ اہل قرار پانے والے گروپس اب نیلامی میں حصہ لینے کے مجاز ہوں گے۔
اہل بولی دہندگان میں ترین گروپ بھی شامل ہے جس کی قیادت معروف کاروباری شخصیت علی خان ترین کررہے ہیں۔ علی خان ترین اس سے قبل ملتان سلطانز کے مالک رہ چکے ہیں، جنہوں نے 2018 میں فرنچائز خریدی تھی۔
تاہم بعد ازاں علی خان ترین اور پی سی بی کے درمیان فرنچائز کی تجدید اور انتظامی معاملات پر اختلافات پیدا ہوئے۔ دیگر فرنچائز مالکان کے برعکس، انہیں دس سالہ توسیع کی پیشکش نہیں کی گئی جس کے بعد معاملہ قانونی نوٹس تک جاپہنچا۔
علی خان ترین نے 2025 کے آخر میں فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کیا جو سال کے اختتام پر مؤثر ہوا۔ اس فیصلے کے بعد وہ نئی پی ایس ایل ٹیم کے لیے دوبارہ بولی دینے کے اہل ہوگئے۔
دیگر اہل بولی دہندگان میں کراچی کی کمپنی وی جی او ٹیل بھی شامل ہے جس کی سربراہی چیف ایگزیکٹو نوید گابا کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ کامیاب بولی دہندگان کو بعد میں پی سی بی کی منظور شدہ فہرست میں سے اپنی ٹیم کے لیے ہوم سٹی منتخب کرنے کا موقع دیا جائے گا جن میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔
