عوام کے لیے بڑی خوشخبری، وزیر اعظم کی ہدایت پر گیس کی قیمتوں پر 6 ماہ کا بریک
بجلی گھر آئی جی سیپ کی طلب سے بھی زائد گیس حاصل کر رہے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں آئندہ چھ ماہ تک کسی بھی قسم کا اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے اہم بریفنگ کے دوران بتائی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گیس سیکٹر میں سرکلر ڈیٹ کے بڑھنے کا سلسلہ رک چکا ہے اور اب کوئی نیا قرض پیدا نہیں ہو رہا، جو اصلاحات کے مثبت نتائج کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قطر سے اضافی ایل این جی کارگو عالمی منڈی میں منتقل کرنے کا کامیاب معاہدہ بھی طے پا گیا ہے، جس سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔
علی پرویز ملک کے مطابق جامع اصلاحات کے باعث تمام صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں برقرار رکھی جائیں گی اور وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر موسم سرما میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں گھریلو صارفین کو گیس کی بہتر اور بلا تعطل فراہمی جاری ہے اور کسی بھی مقامی گیس فیلڈ کو بند نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ بجلی گھر آئی جی سیپ کی طلب سے بھی زائد گیس حاصل کر رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس این جی پی ایل میں یو ایف جی نقصانات 9 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد جبکہ ایس ایس جی سی میں 17 فیصد سے کم ہو کر 10 فیصد تک آ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ گیس نیٹ ورک پر آئی او ٹی مانیٹرنگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پریشر ڈراپ پر سوئی کمپنی کو فوری الرٹ مل جاتا ہے۔
مزید برآں عوامی سہولت کے لیے گیس کی فراہمی کے اوقات صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بڑھا دیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو مستقل ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔
