بشریٰ انصاری کا شادی کی پیشکش کے حوالے سے لڑکیوں کیلئے اہم پیغام
بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ بغاوت کی ترغیب نہیں دے رہی، بلکہ صرف یہ چاہتی ہیں کہ لڑکیاں سوچیں اور زیادہ محتاط رہیں
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے شادی کے حوالے سے ایک اہم موضوع پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں اکثر اس خیال سے خوش ہو جاتی ہیں کہ کوئی ان سے محبت کرتا ہے، اور اس محبت کے اثر میں آ کر وہ دھوکہ کھا جاتی ہیں۔
سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے وی لاگ میں لڑکیوں کو شادی کے پروپوزل پر حد سے زیادہ خوش ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیاں پروپوزل ملنے پر ایسے ہوش کھو بیٹھتی ہیں جیسے کوئی بہت بڑی کامیابی مل گئی ہو یا وہ کوئی بوجھ تھیں۔ بشریٰ انصاری نے سوال اٹھایا کہ کیا لڑکیاں خود کو اتنا کم تر سمجھتی ہیں؟
اداکارہ نے کہا کہ ہماری سوسائٹی میں لڑکیوں کے لیے شادی کی پیشکش کو زندگی کی سب سے بڑی کامیابی اور مقصد بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے ایسی لڑکیوں سے سوال کیا کہ کیا وہ کسی پر بوجھ ہیں یا کم تر ہیں کہ صرف شادی کے رشتہ آ جانے کو اتنی بڑی کامیابی سمجھا جائے؟
بشریٰ انصاری نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سوچ ہمارے معاشرتی رویوں کا نتیجہ ہے، جہاں لڑکیاں یوں خوش ہوتی ہیں جیسے وہ زمین پر بوجھ ہوں اور اب کسی نے انہیں قبول کر لیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: بشریٰ انصاری کراچی کے مسائل پر ذمہ داران پر برس پڑیں
انہوں نے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ شادی کے جال میں پھنسنے کے بجائے انہیں مردوں کی اصل خوبیوں اور کردار کو پرکھنا چاہیے۔ تاہم، افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب رشتہ آ جاتا ہے تو کئی اہم باتوں کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔
آخر میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ بغاوت کی ترغیب نہیں دے رہی، بلکہ صرف یہ چاہتی ہیں کہ لڑکیاں سوچیں اور زیادہ محتاط رہیں، کیونکہ ہمارے معاشرتی رویوں کی وجہ سے لڑکیاں شادی کو اتنی اہمیت دیتی ہیں کہ وہ کہنے لگتی ہیں، اس میں کئی خراب عادتیں ہیں، مگر اس نے مجھے رشتہ تو دیا ہے، جو ایک تشویشناک رویہ ہے۔
