برطانیہ میں شدید سردی کی لہر، درجہ حرارت کے نئے منفی ریکارڈ قائم

برطانیہ میں شدید سردی کی لہر، درجہ حرارت کے نئے منفی ریکارڈ قائم

شدید سرد موسم اور برفباری کے باعث بچوں کی کرسمس کی چھٹیاں طویل ہو گئی ہیں

لندن: برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں ہر گزرتی رات کے ساتھ کم سے کم درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے علاقے نورفوک کے شہر مارہم میں گزشتہ رات درجہ حرارت منفی 12 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، جو حالیہ برسوں میں غیر معمولی حد تک کم ہے۔

شدید سرد موسم اور برفباری کے باعث بچوں کی کرسمس کی چھٹیاں طویل ہو گئی ہیں جبکہ ملک بھر میں سیکڑوں اسکول دوسرے روز بھی بند رہے۔

رپورٹس کے مطابق خراب موسم نے ٹرانسپورٹ نظام کو شدید متاثر کیا ہے اور سڑک، ریل اور فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پیر کے روز گاڑیوں کے بریک ڈاؤن پر امداد طلب کرنے والوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

شمالی اسکاٹ لینڈ میں شدید برفباری کے باعث ٹرین سروسز متاثر رہیں جبکہ لندن اور یورپ کے درمیان یورو اسٹار سروسز بھی جزوی طور پر معطل رہیں۔

ایبرڈین، انورنس اور لیورپول جان لینن ایئرپورٹس پر متعدد پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ شمالی آئرلینڈ کے مختلف ہوائی اڈوں پر بھی تاخیر اور منسوخی کی اطلاعات سامنے آئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید سرد موسم کے باعث برطانیہ بھر میں 500 سے زائد اسکول بند ہیں۔

دوسری جانب یورپ کے دیگر ممالک بھی سردی کی شدید لہر کی زد میں ہیں، جہاں نیدرلینڈز کے ایمسٹرڈیم شپول ایئرپورٹ پر خراب موسم کے باعث تقریباً 400 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے