بھارتی گجرات میں عدالتوں میں بم کی افواہوں سے ہلچل مچ گئی، کارروائیاں روک دی گئیں
تمام عملے، وکلا اور فریقین کو عمارتوں سے باہر نکال لیا گیا
بھارتی ریاست گجرات میں عدالتی نظام کو ہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جب متعدد عدالتوں کو ای میلز کے ذریعے دھماکہ خیز مواد سے تباہی کی دھمکیاں ملنے پر فوری طور پر حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے۔
رپورٹس کے مطابق، 5 اور 6 جنوری کو گجرات ہائی کورٹ، احمد آباد کی سٹی سول اینڈ سیشنز کورٹ سمیت سورت، بھروچ، آنند، راجکوٹ اور احمد آباد کی دیگر ضلعی عدالتوں کو آر ڈی ایکس جیسے خطرناک مواد سے حملوں کی وارننگ دی گئی۔
ان دھمکیوں میں عدالتوں کو مخصوص وقت تک خالی کرنے کا حکم بھی شامل تھا۔
ان پیغامات موصول ہوتے ہی سیکیورٹی فورسز نے ہائی الرٹ جاری کر دیا، عدالتی سماعتیں فوری معطل کر دی گئیں اور تمام عملے، وکلا اور فریقین کو عمارتوں سے باہر نکال لیا گیا۔
بم ڈسپوزل یونٹس، ڈاگ اسکواڈز اور پولیس کی ٹیمیں نے عدالتوں کے ہر کونے کی مکمل تلاشی لی، تاہم کسی جگہ سے کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھمکیاں جھوٹی ثابت ہوئیں اور اب سائبر کرائم ٹیمیں ان ای میلز کے ماخذ کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔
سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنا دیا گیا ہے تاکہ ایسے واقعات کی تکرار روکی جا سکے۔ یہ سلسلہ گجرات میں حالیہ دنوں میں سرکاری اداروں کو ملنے والی مشابهت رکھنے والی دھمکیوں کا حصہ لگتا ہے۔
