پاکستانی نوجوان اوپنر سمیر منہاس کی تباہ کن بیٹنگ، یوتھ ون ڈے تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم

پاکستانی نوجوان اوپنر سمیر منہاس کی تباہ کن بیٹنگ، یوتھ ون ڈے تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم

اس سے قبل یہ  ریکارڈ بھارت کے  ویبھو سوریاونشی کے پاس تھا

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے جارحانہ بیٹر سمیر منہاس نے زمبابوے کے خلاف ٹرائی سیریز کے فائنل میں دھواں دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوتھ ون ڈے انٹرنیشنلز میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

ہرارے کے اولڈ ہیرارینز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن مقابلے میں سمیر نے صرف 42 گیندوں پر سنچری مکمل کی، اس سے قبل یہ  ریکارڈ بھارت کے  ویبھو سوریاونشی کے پاس تھا جنہوں نے  گزشتہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

سمیر کی یہ برق رفتار اننگز یوں ختم ہوئی کہ انہوں نے 51 گیندوں پر 114 رنز بنائے، جن میں 17 زوردار چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ ان کی اس جارحانہ بیٹنگ نے زمبابوے کے بولرز کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔

اس شاندار انفرادی پرفارمنس کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کا 158 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کھو کر اور 16.2 اوورز میں حاصل کر لیا، اور نہ صرف فائنل جیتا بلکہ پوری ٹرائی سیریز بھی اپنے نام کی۔

یہ سمیر منہاس کی سیریز میں دوسری سنچری تھی، جو ان کی شاندار فارم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستانی نوجوان ٹیم کی یہ فتح آئندہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، جو جلد ہی زمبابوے اور نمیبیا میں شروع ہونے والا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے