امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اوہائیو رہائش گاہ پر حملہ، مشتبہ شخص گرفتار

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اوہائیو رہائش گاہ پر حملہ، مشتبہ شخص گرفتار

اب تک ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، نہ ہی اس کی ممکنہ وجہ سامنے آئی

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ذاتی رہائش گاہ پر آج آدھی رات کے قریب ایک پراسرار حملہ ہوا، جہاں نامعلوم شخص نے گھر کی متعدد کھڑکیاں توڑ دیں۔

سیکریٹ سروس ایجنٹس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مشتبہ فرد کو موقع پر ہی پکڑ لیا اور سنسیناتی پولیس کے حوالے کر دیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ رات 12 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا جب سیکریٹ سروس اہلکاروں نے ایک شخص کو گھر کی طرف جاتے اور بھاگتے دیکھا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں واضح طور پر گھر کی کھڑکیوں میں بڑے سوراخ نظر آ رہے ہیں، جیسے کوئی چیز زور سے ماری گئی ہو۔

پولیس اور سیکریٹ سروس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھا کر رہی ہیں، جبکہ علاقے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

خوش قسمتی سے، نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کا خاندان اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ وینس فیملی اوہائیو سے واشنگٹن ڈی سی واپس جا چکی تھی، اور گھر خالی تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص گھر کے اندر داخل نہیں ہوا، صرف بیرونی نقصان پہنچایا۔

سیکریٹ سروس کے ترجمان انتھونی گوگلیلمی نے بیان میں کہا کہ ملزم کو پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے، اور چارجز کا فیصلہ سنسیناتی پولیس اور یو ایس اٹارنی آفس کے ساتھ مشاورت سے کیا جائے گا۔ اب تک ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، نہ ہی اس کی ممکنہ وجہ سامنے آئی۔

ماہرین سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ انفرادی جنون ہو سکتا ہے یا کوئی منصوبہ بند سازش، اور تفتیش میں یہ طے کیا جا رہا ہے کہ آیا یہ نائب صدر کو براہ راست نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔

سیاسی حلقوں میں یہ واقعہ شدید تشویش کا باعث بن گیا ہے، کیونکہ ٹرمپ ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں پر سیکیورٹی خطرات پہلے سے بڑھے ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب نائب صدر وینس حال ہی میں اوہائیو میں تھے، لیکن اتوار شام واپس روانہ ہو گئے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ابھی کوئی بیان نہیں آیا، لیکن تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے