بھارت نے روسی تیل پر تعاون نہ کیا تو ٹیرف بڑھانا پڑے گا، ٹرمپ کی دھمکی
اگر وینزویلا نے درست رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا دوبارہ کارروائی کر سکتا ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے روسی تیل پر تعاون نہ کیا تو ٹیرف بڑھانا پڑے گا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا سے واپسی کے دوران اپنے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف عالمی امور پر سخت بیانات دیے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر بھارت نے روسی تیل پر انحصار کم نہ کیا تو امریکا کو ٹیرف میں اضافہ کرنا پڑے گا، امریکا اپنی تجارتی پالیسیوں میں نرمی نہیں برتے گا اور قومی مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
کولمبیا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہاں نئی فوجی کارروائی کا آپشن مناسب لگتا ہے، کولمبیا میں ”برے لوگوں کی حکومت“ ہے اور وہاں کوکین فیکٹریاں سرگرم ہیں، جس پر امریکا گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
میکسیکو کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسے اپنا نظام درست کرنا ہوگا، کیونکہ سرحدی سلامتی اور منشیات کی اسمگلنگ کے معاملات اب مزید نظرانداز نہیں کیے جا سکتے۔
وینزویلا کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد امریکا وینزویلا میں حالات کو بہتر انداز میں چلانا چاہتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وینزویلا نے درست رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا دوبارہ کارروائی کر سکتا ہے۔ وینزویلا ممکنہ طور پر امریکی مداخلت کا آخری ملک نہیں ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو وینزویلا میں تیل اور دیگر قدرتی وسائل تک مکمل اور بلا رکاوٹ رسائی نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس معاملے میں امریکی مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
کیوبا کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ کیوبا خود ہی کمزور ہو رہا ہے اور ممکن ہے وہاں فوجی مداخلت کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔
