’اسٹرینجر تھنگز 5‘ کے فائنل نے سینما گھروں میں تہلکہ مچادیا
نیٹ فلکس کی ہٹ سیریز ’اسٹرینجر تھنگز 5‘ کا فائنل شائقین کیلئے سنسنی خیز
نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’اسٹرینجر تھنگز 5‘ کے فائنل نے نئے سال کی تعطیلات کے دوران سینما گھروں میں شائقین کی توجہ حاصل کر کے زبردست کامیابی حاصل کر لی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سیریز کی آخری قسط کی نمائش سے سینما گھروں کو تخمینہ 25 سے 28 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل ہوئی۔
دو گھنٹے پر محیط یہ قسط امریکا بھر کے سینما گھروں میں دکھائی گئی، جہاں مداح سیریز کے مشہور ’اپ سائیڈ ڈاؤن‘ کو الوداع کہنے کے لیے جمع ہوئے۔
آمدنی کے تخمینے میں ٹکٹ اور فوڈ واؤچرز کی قیمتوں میں فرق کی وجہ سے معمولی اختلافات رہے۔ مثال کے طور پر کچھ چینز جیسے AMC اور سینمارک نے 20 ڈالر کے کھانے پینے کے واؤچر فروخت کیے جبکہ ریگل نے 11 ڈالر کے ٹکٹ چارج کیے، جو کردار ایلیون کی یاد میں رکھے گئے، جسے میلی بو بی براؤن نے نبھایا۔
نیٹ فلکس نے باکس آفس کے نتائج پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، تاہم تخلیق کار میٹ اور راس ڈفر کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 1.1 ملین واؤچر فروخت ہوئے۔ صرف AMC نے 753,000 سے زائد صارفین کے ذریعے 15 ملین ڈالر کی آمدنی رپورٹ کی، جو اس چین کے شریک سینما گھروں کے تقریباً ایک تہائی حصے کی نمائندگی کرتی ہے۔
