گلگت، برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے افسر اور جوان سمیت تین افراد شہید

گلگت، برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے افسر اور جوان سمیت تین افراد شہید

شہداء نے انتہائی سخت موسمی حالات میں فرض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی دی

راولپنڈی:  برزل پاس کو کھولنے کے لیے برف ہٹانے کی کارروائی کے دوران اچانک برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے افسر سمیت تین افراد شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 02 اور 03 جنوری کی درمیانی شب برزل پاس میں شدید موسمی حالات کے باوجود افواج کی آپریشنل نقل و حرکت یقینی بنانے کے لیے برف ہٹانے کا عمل جاری تھا، جس میں بھاری مشینری استعمال کی گئی۔

کارروائی کی قیادت کیپٹن اسمد (عمر 28 سال، لاہور) کر رہے تھے کہ 03 جنوری 2026 کو رات تقریباً 2 بجے برفانی تودہ گر گیا۔

حادثے میں کیپٹن اسمد شہید ہوئے، جبکہ دو سپاہی اور ایک سویلین مشین آپریٹر (پی ڈبلیو ڈی) برف کی زد میں آ گئے۔

بعد ازاں بھرپور اور انتھک کوششوں کے بعد چاروں افراد کو برف سے نکالا گیا، تاہم سپاہی رضوان (عمر 32 سال، ساکن اٹک) اور مشین آپریٹر عیسیٰ (ساکن استور) کی حالت بگڑنے پر وہ بھی جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء نے انتہائی سخت موسمی حالات میں فرض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی دی، جو اس بات کی روشن مثال ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے تمام رینکس مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برزل پاس پر برف ہٹانے کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے