وینزویلا کے صدر کو پکڑنے کی ویڈیو ٹی وی شو کی طرح لائیو دیکھی، نیویارک لا رہے ہیں: ٹرمپ
ان پر مین ہٹن کی عدالت میں منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کا مقدمہ چلے گا، صدر ٹرمپ
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو پکڑنے کی ویڈیو ٹی وی شو کی طرح لائیو دیکھی۔
امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھاکہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو پکڑنے کی ویڈیو فوجی جنرلز کے ساتھ فلوریڈا میں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ مادورو کو لے کر امریکی بحری جہاز نیویارک آرہا ہے، ان پر مین ہٹن کی عدالت میں منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کا مقدمہ چلے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ ان کے خلاف آپریشن کی خفیہ تیاری دسمبر کے اوائل سے کی تھی، تاہم وینزویلا پر کس کی حکمرانی ہوگی، یہ ابھی طے ہونا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھاکہ مادورو کے خلاف آپریشن میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں کچھ امریکی زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق مادورو اور اہلیہ سیلیا فلوریس کو امریکی فورسز نے ان کے بیڈروم سے پکڑا۔
خیال رہے کہ امریکا نے آج صبح وینزویلا پر حملہ کرکے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
کارروائی امریکی جنگی طیاروں نے کی اور ڈیلٹا فورس نے دارالحکومت کاراکاس میں اہداف کو نشانہ بنایا۔
وینزویلا نے حملوں کو جارحیت قرار دے دیا اور کہا کہ حملے کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا ہے۔
