پاکستان کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے حالیہ ذاتی نقصان کے باوجود شکرگزاری، صبر اور ایمان کے پیغام کے ساتھ اپنی 30ویں سالگرہ منائی، جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے کیا۔
اداکارہ درفشاں سلیم نے سالگرہ کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں اور ساتھ ہی کیپشن میں بتایا کہ انہوں نے اپنی سالگرہ اپنے گھر پر سادگی سے گزاری، جو ان کے بقول ان کے کیریئر کے اس ابتدائی مرحلے میں کبھی ایک خواب ہوا کرتی تھی۔
حالیہ تصاویر کے ساتھ انہوں نے اپنی زندگی کے سفر پر غور کرتے ہوئے اللہ پر مضبوط یقین اور خلوصِ نیت کو اپنی کامیابیوں کی بنیاد قرار دیا۔
درفشاں سلیم نے لکھا کہ2026 میرے اس سفر کے چھ سال مکمل ہونے کی علامت ہوگا۔ یہ راستہ اتنا آسان نہیں تھا جتنا دکھائی دیتا ہے اور نہ ہی اتنا مشکل جتنا بہت سے لوگوں کے لیے ہوتا ہے اور اس کی بڑی وجہ آپ سب ہیں، آپ سب کا شکریہ کہ آپ نے مجھے اس حال میں بھی محبت دی جب میں حقیقی، خامیوں سے بھرپور اور اکثر دنوں میں روایتی ’ہیروئن‘ جیسی نہیں تھی۔
تاہم، اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کی سالگرہ اداسی سے بھی جڑی رہی کیونکہ ان کی بہترین دوست کے والد کینسر سے لڑتے ہوئے چند دن قبل انتقال کر گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دل کچھ دنوں سے بوجھل ہے، اس لیے کوئی جشن مکمل محسوس نہیں ہوا، شاید زندگی خوشی اور غم دونوں کا امتزاج ہے، جہاں شکرگزاری خاموشی سے دل کو سہارا دیتی ہے۔ براہِ کرم ان کے لیے دعا کریں۔
درفشاں سلیم نے آخر میں مداحوں کی جانب سے ملنے والی دعاؤں اور نیک تمناؤں پر ان کا شکریہ ادا بھی کیا۔
