امریکا نے وینزویلا کا 500 ملین ڈالر مالیت کا تیل فروخت کر دیا
وینزویلا کی عبوری اتھارٹیز 30 سے 50 ملین بیرل تیل امریکا کے حوالے کریں گی، امریکی حکام
امریکا نے وینزویلا کا 500 ملین ڈالر مالیت کا تیل بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کر دیا ہے، آئندہ ہفتوں میں مزید تیل کی فروخت بھی متوقع ہے۔
امریکی وزیرِ توانائی کرس رائٹ کے مطابق وینزویلا کی عبوری اتھارٹیز 30 سے 50 ملین بیرل تیل امریکا کے حوالے کریں گی، جس کی موجودہ مارکیٹ ویلیو تقریباً 2.8 ارب ڈالر بنتی ہے۔
کرس رائٹ کا کہنا ہے کہ تیل کی فروخت کی نگرانی امریکی حکومت کرے گی اور حاصل ہونے والی رقم واشنگٹن کے زیرِ کنٹرول اکاؤنٹس میں جمع کرائی جائے گی۔
ان کے مطابق آئندہ ہفتوں میں وینزویلا کے مزید تیل کی فروخت بھی متوقع ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وینزویلا کے ساتھ تاریخی توانائی معاہدے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔
امریکی میڈیا کے مطابق وینزویلا کے پاس 300 ارب بیرل تیل کے ذخائر موجود ہیں، جو اسے دنیا کے بڑے توانائی حامل ممالک میں شامل کرتے ہیں۔
قبل ازیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وینزویلامیں جس شخص نے راز فاش کیا تھا اسے شناخت کر لیا گیا ہے اور وہ اس وقت جیل میں ہے۔
ان کے مطابق وینزویلا کی قیادت سے بات چیت مثبت رہی ہے۔
