وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن پر غور کیلیے کمیٹی قائم کر دی
نئے کرنسی نوٹ جدید عصری تقاضوں اور عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیے جا رہے ہیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملکی امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران وزارتِ خزانہ نے وفاقی کابینہ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹ جدید عصری تقاضوں اور عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیے جا رہے ہیں، جس کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر مزید غور و خوض کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پیش کیے گئے پرائیویٹ حج آپریٹرز کمپنیوں کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے رجسٹریشن اور جانچ سے متعلق پرائیویٹ حج پالیسی 2027 تا 2030 کے مسودے پر بھی غور کیا۔
کابینہ نے اراکین کی آراء کی روشنی میں اس پالیسی کو مزید مشاورت کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی، جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں مذکورہ فیصلوں کی تفصیلات شامل ہیں۔
