ماسکو میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج، 146 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ماسکو میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج، 146 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ماسکو میں ایک دن میں سب سے زیادہ برفباری 4 فروری 2018 کو 24.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی

روس کے دارالحکومت ماسکو میں 9 جنوری کو ہونے والی شدید برف باری کو گزشتہ 146 برس کے موسمیاتی ریکارڈ میں سب سے طاقتور برف باریوں میں شمار کیا گیا ہے۔

روس کے ہائیڈرو میٹرولوجیکل سینٹر کے ایک ذریعے نے خبر رساں ادارے تاس کو بتایا کہ یہ برف باری موسمی مشاہدات کی پوری تاریخ میں ٹاپ فائیو شدید برف باریوں میں شامل ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ قدرتی مظہر اکیسویں صدی کے آغاز کے بعد ماسکو میں ہونے والی تین سب سے شدید برف باریوں میں سے ایک ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمِ سرما میں ایک دن میں سب سے زیادہ برفباری کا ریکارڈ وی ڈی این کے ایچ (VDNKh) کے مرکزی موسمیاتی اسٹیشن پر درج کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق، ماسکو میں ایک دن میں سب سے زیادہ برفباری 4 فروری 2018 کو 24.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ 14 دسمبر 1981 کو 23.2 ملی میٹر، 8 جنوری 1970 کو 23.0 ملی میٹر، 12 دسمبر 2022 کو 22.6 ملی میٹر اور 9 جنوری 2026 کو 21.4 ملی میٹر برف باری ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق بحیرہ روم سے آنے والے سائیکلون کے باعث 8 جنوری کو ماسکو اور اس کے گرد و نواح میں شدید برف باری کا آغاز ہوا، جو سہ پہر تین بجے کے بعد جنوب مشرقی اور مشرقی علاقوں سے شروع ہو کر جلد ہی پورے ماسکو میٹروپولیٹن علاقے میں پھیل گئی۔

9 جنوری کو برف باری اپنے عروج پر رہی۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک ماسکو میں مجموعی طور پر 35 ملی میٹر سے زائد بارش اور برفباری ہو چکی ہے، جو جنوری کے معمول کے 53 ملی میٹر کا تقریباً 67 فیصد بنتی ہے۔

خراب موسم کے اثرات ختم کرنے کے لیے ماسکو اور ماسکو ریجن کی بلدیاتی خدمات چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے