وینزویلا میں صارفین کو ایک سال بعد ایکس تک رسائی حاصل ہو گئی
گزشتہ سال اگست میں مادورو نے مشہور امریکی سوشل نیٹ ورک ایکس پر پابندی عائد کر دی تھی
وینزویلا میں امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس تک رسائی بحال ہو گئی ہے، جو سابق صدر نیکولس مادورو کی جانب سے ایک سال سے زائد عرصے تک بند رہی۔
اس پابندی کے خاتمے کے بعد عام شہری، حکومتی عہدیدار اور سیاسی رہنما دوبارہ اپنے پیغامات اور خبریں شیئر کر سکتے ہیں، جو گزشتہ برس سے ممکن نہیں تھا۔
گزشتہ سال اگست میں مادورو نے مشہور امریکی سوشل نیٹ ورک ایکس پر پابندی عائد کر دی تھی، جس کے بعد وینزویلا میں وزرا، قانون سازوں اور سرکاری اداروں نے اپنی سرکاری اپ ڈیٹس روک دی تھیں۔ اس پابندی سے پہلے X وینزویلا میں ایک اہم اور مقبول پلیٹ فارم تھا۔
عہدیداروں کے دوبارہ X استعمال کرنے کے اعلان کے ساتھ، ملک کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگِز نے اپنے اکاؤنٹ میں تازہ معلومات پوسٹ کیں اور لکھا کہ ہم اس چینل کے ذریعے دوبارہ رابطہ قائم کرتے ہیں۔ وینزویلا مضبوطی اور تاریخی شعور کے ساتھ کھڑا ہے۔
