رواں برس کی پہلی پولیو مہم کا آغاز 2 فروری سے ہوگا
پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے
سال 2026 کی پہلی قومی پولیو مہم ملک بھر میں 2 تا 8 فروری کو منعقد کی جائے گی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ سات روزہ قومی مہم کے دوران میں 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز اپنے فرائض انجام دیں گے۔
پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد اوربلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے 46 مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق
اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، قوم کے مستقبل کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے والدین پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے انہیں دو قطرے لازمی پلوائیں۔
