ٹويوٹا مسلسل چھٹے سال بھی دنیا کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی قرار
یورپ اور امریکا میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت 2024 کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی
عالمی آٹو انڈسٹری میں ٹویوٹا موٹر کارپوریشن نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کر دی۔ اعداد و شمار کے مطابق ٹویوٹا 2025 میں بھی دنیا کی سب سے زیادہ گاڑیاں فروخت کرنے والی کمپنی رہی، اور یوں اس نے مسلسل چھٹے سال یہ اعزاز اپنے نام رکھا۔
پیر کے روز سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق ٹویوٹا نے جنوری سے نومبر 2025 کے دوران دنیا بھر میں ایک کروڑ 32 لاکھ (10.32 ملین) گاڑیاں فروخت کیں۔
اس کے مقابلے میں جرمن آٹو میکر ووکس ویگن نے دسمبر تک پورے سال میں 89 لاکھ 80 ہزار (8.98 ملین) گاڑیاں فروخت کیں، جو 2024 کے مقابلے میں 0.5 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔
چین، جو ووکس ویگن کی بڑی منڈیوں میں شمار ہوتا ہے، وہاں کمپنی کو سخت مقابلے کا سامنا رہا۔ مقامی چینی آٹو ساز کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی مسابقت کے باعث ووکس ویگن کی فروخت 8 فیصد کم ہو کر تقریباً 26 لاکھ 90 ہزار گاڑیوں تک محدود رہی۔
اسی طرح شمالی امریکا میں بھی جرمن کمپنی کی فروخت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے ٹیرف اقدامات کے باعث ووکس ویگن کی فروخت میں 10.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
تاہم یورپ میں ووکس ویگن کی کارکردگی نسبتاً بہتر رہی، جہاں فروخت مستحکم رہی۔ اس کے علاوہ کمپنی کی الیکٹرک گاڑیوں کی عالمی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جو 32 فیصد بڑھ کر 9 لاکھ 83 ہزار 100 یونٹس تک پہنچ گئی۔
یورپ اور امریکا میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت 2024 کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی۔
واضح رہے کہ ٹویوٹا 2020 سے مسلسل عالمی سطح پر سب سے زیادہ گاڑیاں فروخت کرنے والی کمپنی چلی آ رہی ہے۔ ٹویوٹا کے مجموعی فروخت کے اعداد و شمار میں اس کی ذیلی کمپنیاں ڈائی ہاٹسو موٹر کمپنی اور ہینو موٹرز لمیٹڈ کی فروخت بھی شامل ہے۔
