’’امریکا فرسٹ‘‘ میری پالیسی کا واحد اصول، وینزویلا پر کامیاب حملہ کیا، ٹرمپ

’’امریکا فرسٹ‘‘ میری پالیسی کا واحد اصول، وینزویلا پر کامیاب حملہ کیا، ٹرمپ

ٹیرف کی مخالفت کرنے والے دراصل چین کے حمایتی ہیں جو عدالتوں کا سہارا لیتے ہیں

مشی گن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا سب سے زیادہ ٹیکس چین سے وصول کر رہا ہے، جبکہ ان کی پالیسی کا واحد اصول “امریکا فرسٹ” ہے۔

مشی گن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین کے صدر سے ان کے تعلقات اچھے ہیں، مگر ٹیرف کی مخالفت کرنے والے دراصل چین کے حمایتی ہیں جو عدالتوں کا سہارا لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے امریکا سب سے پہلے ہے، اس کے بیچ کوئی نہیں آ سکتا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایک سال کے دوران وہ 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری امریکا لائے اور جو لوگ ان کے ساتھ رہے انہوں نے خوب پیسہ کمایا۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے میرے ساتھ پیسہ کمایا اور بعد میں کہا کہ ٹیرف اچھا نہیں۔

وینزویلا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہاں امریکا نے تاریخ کا سب سے کامیاب حملہ کیا اور مداخلت کرنا درست فیصلہ تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا وینزویلا سے روزانہ 50 ملین بیرل تیل لے گا، حالانکہ دنیا کا سب سے بڑا جہاز بھی صرف ایک ملین بیرل تیل اٹھا سکتا ہے۔

ان کے مطابق وینزویلا کو مضبوط کیا جائے گا اور تیل کی قیمتوں میں کمی لائی جائے گی۔

مہنگائی کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے بائیڈن دور کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس دور میں امریکا کی تاریخ کی بدترین مہنگائی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ نے مہنگائی کے خلاف فوری اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں اب امریکا میں مہنگائی کم اور معاشی گروتھ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جوہری صلاحیتیں امن کے حصول میں رکاوٹ تھیں جنہیں ختم کیا گیا۔

انہوں نے البغدادی اور قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو بھی اپنی بڑی کامیابی قرار دیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ “ہم نے معاشی طور پر امریکا کو مضبوط کر دیا ہے، اور جو ہماری پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہیں وہ دراصل امریکا سے نفرت کرتے ہیں”۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے