انوکھی ٹیکنالوجی، لیپ ٹاپ جس کی اسکرین صارف کے ساتھ خود بخود گھومتی ہے
اس لیپ ٹاپ کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ اپنے استعمال کرنے والے کو مسلسل ٹریک کرتا ہے
عام طور پر لیپ ٹاپ اپنی جگہ ساکن رہتے ہیں، مگر ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک ایسا تصور سامنے آ گیا ہے جو دیکھنے والوں کو حیران کر دیتا ہے۔
چینی ٹیکنالوجی کمپنی لیناوو نے ایک منفرد کانسیپٹ لیپ ٹاپ متعارف کرایا ہے، جس کی اسکرین صارف کی حرکت کے ساتھ خود کو ایڈجسٹ کرتی رہتی ہے۔
تھنک بک پلس جنریشن 7 آٹو ٹوئیسٹ نامی اس لیپ ٹاپ کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ اپنے استعمال کرنے والے کو مسلسل ٹریک کرتا ہے۔
اگر صارف دائیں یا بائیں جانب حرکت کرے تو لیپ ٹاپ کا ڈسپلے بھی موڑ کھا کر اسی سمت گھوم جاتا ہے، تاکہ اسکرین ہر وقت براہِ راست سامنے رہے۔
اس جدید فیچر کے پیچھے مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کیا گیا ہے، جو اسکرین کی موومنٹ کو کنٹرول کرتی ہے۔ موٹرائزڈ ڈسپلے میں نصب کیمرہ صارف کی پوزیشن کو پہچان کر اسکرین کو خودکار انداز میں روٹیٹ کرتا ہے۔
فی الحال یہ لیپ ٹاپ صرف ایک تصوراتی ماڈل (کانسیپٹ) کے طور پر پیش کیا گیا ہے، تاہم لیناوو کی جانب سے اشارہ دیا گیا ہے کہ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو اسے جون 2026 میں باقاعدہ طور پر مارکیٹ میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق یہ ایجاد مستقبل کے لیپ ٹاپ ڈیزائن کو ایک بالکل نئی سمت دے سکتی ہے۔
