قلات میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں چار بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی، تاہم بھرپور فائرنگ کے تبادلے کے بعد چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
یہ دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے اور خطے میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں سرگرم تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کے مکمل خاتمے کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو ہر قسم کے خطرات سے پاک بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے انسداد دہشت گردی کی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر، خواہ وہ اندرونی ہوں یا بیرونی سرپرستی میں کام کر رہے ہوں، انہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
