بنوں اور کرم میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 13 خارجی دہشت گرد ہلاک

بنوں اور کرم میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 13 خارجی دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بنوں اور کرم میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز آپریشن کرتے ہوئے 13 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرم میں الگ الگ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے جس دوران مجموعی طور پر 13 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

بنوں میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں بھی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں کارروائی کے دوران 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق دونوں علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشت گرد سرگرمیوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے مکمل چوکسی برقرار رکھی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے