حساس اداروں نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچالیا

حساس اداروں نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچالیا

سی ٹی ڈی کے ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزم ایک سلیپر سیل کا حصہ ہے

کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سندھ اور وفاقی حساس اداروں نے ایک مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج مولوی مخلص گروپ کا اہم دہشتگرد سلمان عرف ابو ہریرہ گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزم سلمان عرف ابو ہریرہ کو ایک منظم دہشتگرد نیٹ ورک کا اہم رکن قرار دیا جا رہا ہے، جو مبینہ طور پر کالعدم تنظیم سے منسلک ہے۔

سی ٹی ڈی کے ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزم ایک سلیپر سیل کا حصہ تھا اور اس کا تعلق ایسے نیٹ ورک سے بتایا گیا ہے جو ملک میں بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث رہا ہے۔

حکام کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں نے مختلف دہشتگردانہ واقعات میں حصہ لیا جن میں کوئٹہ میں ایف سی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے حملے بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم سے مبینہ طور پر خودکش جیکٹ، حساس مقامات کی تصاویر اور نقشے بھی برآمد کیے گئے ہیں مزید بتایا گیا کہ ملزم کے نیٹ ورک کا مقصد کراچی میں ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ اور بعد ازاں بڑے خودکش حملے کرنا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک مطلوب دہشتگرد زعفران عرف ابو ہریرہ پہلے ہی ایک مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے اور اس کے نیٹ ورک سے جڑے عناصر کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق یہ کارروائی کراچی میں ممکنہ بڑے حملے کو روکنے میں اہم پیش رفت ہے تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے