پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ’’انسپائرڈ گیمبٹ 2026‘‘ جاری

پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ’’انسپائرڈ گیمبٹ 2026‘‘ جاری

یہ مشق پاک فوج اور امریکی فوج کے درمیان 8 سے 16 جنوری تک منعقد کی جارہی ہے۔

راولپنڈی: پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ 2026 جاری ہے۔ یہ مشق پاک فوج اور امریکی فوج کے درمیان 8 سے 16 جنوری تک منعقد کی جارہی ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل یہ مشترکہ مشق انسداد دہشت گردی پر مرکوز ہے جس کا مقصد دونوں افواج کے درمیان پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ، مشترکہ تربیت اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انسپائرڈ گیمبٹ کا سلسلہ سنہ 1995 سے جاری ہے اور یہ اس دو طرفہ تربیتی پروگرام کی 13 ویں مشترکہ مشق ہے جو پاکستان اور امریکا کے درمیان عسکری تعاون کی عکاس ہے۔

مشق کے دوران نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں وزیٹرز ڈے کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی قائم مقام ناظم الامور سینئر امریکی فوجی عہدیداروں اور کمانڈر راولپنڈی کور نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ معزز مہمانوں کو مشق کے مقاصد، دائرہ کار اور مختلف تربیتی مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ مشق میں شامل دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تربیتی معیار کو بھی اجاگر کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اعتماد سازی، آپریشنل ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے