تیل و گیس کے نئے ذخائر کی تلاش اولین ترجیح، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات
تیل و گیس کے نئے ذخائر کی تلاش اولین ترجیح، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات
اجلاس کو پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے جامع روڈمیپ پر بریفنگ دی گئی
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر ایک اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک کے تیل و گیس سیکٹر کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کو قومی ترجیحات میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے۔
انہوں نے تیل و گیس کی سپلائی چین کو درآمد کے مرحلے سے لے کر صارفین تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے تیل و گیس مصنوعات کی سمگلنگ کی مؤثر روک تھام ممکن ہوگی جس سے قومی خزانے کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
اجلاس کو پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے جامع روڈمیپ پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع کوہاٹ کے ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔
وزیراعظم نے ناشپا بلاک میں اس اہم کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
بریفنگ کے مطابق ان ذخائر سے یومیہ تقریباً 4 ہزار 100 بیرل تیل حاصل کیا جا سکے گا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ رواں سردیوں میں گھریلو صارفین کو گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر پریشر کے ساتھ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ آر ایل این جی کنکشنز کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور جون 2026 تک 3 لاکھ 50 ہزار کنکشنز مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ شیوا اور بٹانی گیس فیلڈز کے لیے پائپ لائنز کو کمیشن کیا جا چکا ہے جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ سے پائپ لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔