وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ کی اہم ملاقات، امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ کی اہم ملاقات، امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ بات ترجمان وزیر داخلہ سندھ سہیل احمد جوکھیو نے بتائی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران جرائم کے سدباب، اسٹریٹ کرائم اور منظم جرائم کے خلاف مؤثر حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
خاص طور پر کچہ ایریاز میں امن قائم کرنے، ڈاکوؤں کے خاتمے اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے سندھ حکومت کی جامع پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل اختیارات کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے اور زیرو ٹالرنس پالیسی جرائم کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہو رہی ہے، جو ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے خوف کی علامت بن چکی ہے۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ صوبے بھر میں بلا تفریق قانون کی عملداری کو یقینی بنانے اور جرائم کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس حکومتی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر سے جرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ملاقات میں سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے مستقبل کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔