2025 صحافیوں کے لیے خونی ترین سال، دنیا بھر میں 128 جانیں ضائع

صحافیوں کی عالمی تنظیم بین الاقوامی فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے مطابق سال 2025 کے دوران دنیا بھر میں کم از کم 128 صحافی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں سے نصف سے زائد ہلاکتیں مشرقِ وسطیٰ میں ہوئیں۔

آئی ایف جے نے آج جاری بیان میں بتایا کہ صحافیوں کی ہلاکتوں کی یہ تعداد 2024 کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

 تنظیم کے جنرل سیکریٹری انتھونی بیلانجر نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار محض نمبر نہیں بلکہ دنیا بھر کے صحافیوں کے لیے ایک سنگین عالمی خطرے کی گھنٹی ہیں۔

آئی ایف جے نے خاص طور پر فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جہاں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے دوران غزہ میں 2025 کے اندر 56 صحافی اور میڈیا سے وابستہ افراد جان سے گئے۔

بیلانجر کے مطابق اتنے مختصر وقت میں اور اتنے محدود علاقے میں صحافیوں کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2025 کے دوران یمن، یوکرین، سوڈان، پیرو، بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

انتھونی بیلانجر نے صحافیوں پر حملوں میں ملوث عناصر کو سزا نہ ملنے کے عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک انصاف فراہم نہیں کیا جاتا، صحافیوں کے قاتل بے خوف ہو کر مزید جرائم کرتے رہیں گے۔

ادھر آئی ایف جے نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس وقت دنیا بھر میں 533 صحافی جیلوں میں قید ہیں، جو گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دوگنی سے بھی زیادہ تعداد ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین ایک بار پھر صحافیوں کو قید کرنے والا سب سے بڑا ملک قرار پایا، جہاں ہانگ کانگ سمیت 143 صحافی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

ہانگ کانگ میں نافذ کیے گئے قومی سلامتی کے قوانین پر مغربی ممالک پہلے ہی اظہارِ رائے کو دبانے کے الزامات عائد کر چکے ہیں۔

آئی ایف جے کی جانب سے جاری کردہ ہلاکتوں کے اعداد و شمار عموماً رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مقابلے میں زیادہ ہوتے ہیں، جس کی وجہ دونوں اداروں کے اعداد و شمار جمع کرنے کے مختلف طریقہ کار ہیں۔ آئی ایف جے کی رپورٹ میں رواں سال صحافیوں کی 9 حادثاتی اموات بھی شامل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق 2025 میں دورانِ فرائض 67 صحافی مارے گئے، جبکہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے یہ تعداد 93 بتائی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے