رحیم یارخان میں پاک – یو اے ای قیادت کی اہم ملاقات

رحیم یارخان میں پاک – یو اے ای قیادت کی اہم ملاقات

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا

رحیم یارخان میں وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جو شیخ زاید پیلس میں خوشگوار اور برادرانہ ماحول میں منعقد ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس ملاقات میں 26 دسمبر کو اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھایا گیا اور دوطرفہ تعاون کو عملی شکل دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کو اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تجارت میں غیر معمولی اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران آئی ٹی، توانائی، معدنیات، کان کنی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شیخ محمد بن زاید کی قیادت میں یو اے ای کی شاندار ترقی کو سراہا اور کہا کہ یو اے ای میں مقیم 21 لاکھ پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی پر یو اے ای حکومت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اعلیٰ سطح روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر شیخ محمد بن زاید نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات اسلام آباد میں حالیہ ملاقات کے تسلسل میں قیادت کی سطح پر ایک اہم پیشرفت ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے