2025 کی 10 عجیب و غریب ٹیکنالوجی مصنوعات، دیکھنے والے حیران رہ گئے
سال 2025 میں ٹیکنالوجی کی دنیا نے جہاں کئی شاندار اور جدید آلات متعارف کرائے، وہیں کچھ ایسی مصنوعات بھی سامنے آئیں جنہیں دیکھ کر صارفین سوچ میں پڑگئے کہ آخر ان کی ضرورت ہی کیا تھی۔
اس فہرست میں وہ ٹیک مصنوعات شامل ہیں جو یا تو حد سے زیادہ عجیب تھیں یا بالکل غیر ضروری یا پھر محض ہنسانے کے لیے کافی تھیں۔
ایپل آئی فون پاکٹ
ایپل نے فیشن برانڈ کے تعاون سے کپڑے سے بنا ایک فون ہولڈر متعارف کرایا جو گلے میں لٹکایا جاتا ہے۔ عجیب بات یہ ہے کہ اس کی قیمت اتنی زیادہ رکھی گئی کہ عام صارف حیران رہ گئے۔ یوں لگا جیسے موبائل کے لیے موزہ فروخت کیا جا رہا ہو۔
بیگ سے لٹکنے والا روبوٹ
یہ ننھا بالوں والا روبوٹ بیگ کے ساتھ لگایا جاتا ہے اور بس سامنے سے گزرنے والے لوگوں کو گھورتا ہے۔ نہ بولتا ہے، نہ کام کرتا ہے اور صرف دیکھتا ہے جس سے بعض افراد کو خوف بھی محسوس ہوسکتا ہے۔
برقی نمک چمچ
یہ آلہ بجلی کے ہلکے جھٹکوں سے کھانے کو نمکین محسوس کرواتا ہے اور وہ بھی بغیر نمک ڈالے۔ خیال نیا ضرور ہے مگر اکثر لوگوں کے لیے غیر ضروری ہے۔
ٹوسٹر جیسا موبائل چارجر
یہ چارجر شکل میں ٹوسٹر جیسا ہے اور موبائل کی بیٹری چند سیکنڈ میں چارج کردیتا ہے مگر اس کی قیمت اتنی زیادہ ہے کہ اس سے بہتر تو عام چارجر ہی ہے۔
مصنوعی ذہانت والے پالتو روبوٹ
یہ روبوٹ گھر میں گھومتے ہیں اور جذبات ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو یہ پیارے لگے مگر اکثر نے انہیں فضول شوق قرار دیا۔
خودکار مصالحہ ڈالنے والا آلہ
یہ آلہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے کھانے میں مصالحہ ڈالتا ہے، حالانکہ زیادہ تر لوگ یہ کام بغیر کسی مدد کے بخوبی کرلیتے ہیں۔
برقی رولر اسکیٹس
بیٹری سے چلنے والے یہ اسکیٹس رفتار کنٹرول کے ساتھ آئے مگر مہنگی قیمت اور عملی مشکلات نے انہیں سوالیہ نشان بنادیا۔
بغیر تار کے گٹار
یہ ایک انوکھا موسیقی آلہ ہے جس میں تاریں نہیں ہوتیں۔ موسیقاروں کے لیے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ واقعی گٹار ہے یا محض کھلونا۔
کیڑوں کی نگرانی کرنے والا نظام
یہ نظام ایپ کے ذریعے کیڑوں کو متوجہ اور مانیٹر کرتا ہے، جسے اکثر لوگوں نے مسئلہ ڈھونڈنے والی ایجاد قرار دیا۔
کافی ٹھنڈی کرنے والی روبوٹ بلی
یہ ننھی روبوٹ بلی کپ کے ساتھ لگ کر مشروب کو پھونک مار کر ٹھنڈا کرتی ہے۔ مسئلہ معمولی تھا مگر حل خاصا دلچسپ اور پیارا نکلا۔