یوکرین میں مسلسل 18 ویں مرتبہ مارشل لا نافذ، انتخابات مؤخر
یہ بل صدر ولادیمیر زیلنسکی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر رسلان اسٹیفانچک کے دستخط کے منتظر ہیں
یوکرین کی پارلیمنٹ ورخوفنا رادا نے ملک میں مارشل لا اور جنرل موبلائزیشن میں توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد یہ اقدامات 18ویں مرتبہ بڑھا دیے گئے ہیں۔ نئے فیصلے کے تحت مارشل لا اور فوجی بھرتی کا عمل 3 فروری سے 4 مئی تک جاری رہے گا۔
براہِ راست ٹی وی نشریات کے مطابق مارشل لا میں توسیع کے حق میں 333 جبکہ موبلائزیشن کے حق میں 312 اراکینِ پارلیمنٹ نے ووٹ دیا۔ قانون کی منظوری کے لیے 226 ووٹ درکار تھے، جو باآسانی حاصل ہو گئے۔
پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اب یہ بل صدر ولادیمیر زیلنسکی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر رسلان اسٹیفانچک کے دستخط کے منتظر ہیں، جس کے بعد ان پر باضابطہ عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ یوکرین میں روس کے ساتھ جنگ کے آغاز پر 24 فروری 2022 کو مارشل لا اور جنرل موبلائزیشن نافذ کی گئی تھی، جس کے بعد سے مسلسل توسیع کی جا رہی ہے۔
انہی مسلسل توسیعات کے باعث ملک میں نہ پارلیمانی، نہ صدارتی اور نہ ہی بلدیاتی انتخابات منعقد ہو سکے ہیں۔
اس صورتحال کے نتیجے میں صدر ولادیمیر زیلنسکی، جن کی آئینی مدتِ صدارت 20 مئی 2024 کو ختم ہو چکی ہے، بدستور اقتدار میں موجود ہیں۔
مسلسل جنگی کیفیت اور سیاسی تعطل نے یوکرین کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی اس فیصلے کو غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
