فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی ملاقات، فِن ٹیک پر اہم گفتگو
ملاقات کو پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت اور عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت چیف ایگزیکٹو زیکرے وِٹکوف کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے ابھرتے ہوئے معاشی اور ڈیجیٹل مالیاتی منظرنامے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی وفد نے پاکستان کی فِن ٹیک مارکیٹ میں عالمی سرمایہ کار گروپس کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل فنانس اور فِن ٹیک کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع اور پرکشش مواقع موجود ہیں۔
زیکرے وِٹکوف نے پاکستان کی قیادت کے معاشی وژن اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے عزم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک میں اقتصادی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور نجی شعبے کے مؤثر کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قومی ترقی کے لیے ذمہ دار نجی شعبے کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
آرمی چیف نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ اقتصادی استحکام اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے پاکستان کو خطے میں کاروبار اور ٹیکنالوجی کے ایک مضبوط مرکز کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔
ملاقات کو پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت اور عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
