وزیر اعظم شہباز شریف اور امیر قطر کا ٹیلیفونک رابطہ، تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
دونوں قائدین نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا
قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور برادرانہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں قائدین نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خطے میں امن، مذاکرات اور ثالثی کے فروغ کے لیے قطر کے تعمیری اور فعال کردار کو سراہا، جبکہ سفارتی ذرائع سے کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر کی بامعنی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔
وزیراعظم نے قطری قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آئندہ دنوں میں قریبی رابطے برقرار رکھے جائیں گے تاکہ باہمی تعاون اور علاقائی امور پر ہم آہنگی مزید مضبوط ہو سکے۔
