وارم اپ میچ، پاکستان انڈر 19 نے امریکا انڈر 19 کو 69 رنز سے شکست دے دی

وارم اپ میچ، پاکستان انڈر 19 نے امریکا انڈر 19 کو 69 رنز سے شکست دے دی

سمیر منہاس نے شاندار 74 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے وارم اَپ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا انڈر 19 کو 69 رنز سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم کی اس کامیابی میں سمیر منہاس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور احمد حسین کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی نے کلیدی کردار ادا کیا۔

میچ میں پاکستان انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 294 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

سمیر منہاس نے شاندار 74 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی اہم شراکتیں کر کے مجموعی اسکور کو قابلِ دفاع بنایا۔

جواب میں امریکا انڈر 19 کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 225 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کے بولرز نے نظم و ضبط کے ساتھ گیند بازی کی اور مسلسل وقفوں سے وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔

میچ کے بعد احمد حسین نے اپنی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے تو ٹیم کی دو وکٹیں گر چکی تھیں، اس لیے انہوں نے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ داری سے کھیلنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مجموعی ماحول نہایت مثبت ہے، تمام کھلاڑی ایک دوسرے کو بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں اور پوری ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پُرامید ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے