لاہور (اختر نیوز) پنجاب میں اساتذہ کے تبادلوں کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ہارڈ شپ گراؤنڈ پر ٹرانسفرز کے لیے سخت شرائط نافذ کر دی گئی ہیں. محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کر دیا ہے کہ صرف وہی امیدوار ٹرانسفر کے اہل ہوں گے جو اصل اور مستند دستاویزات جمع کروائیں گے۔محکمہ کے مطابق ہارڈ شپ گراؤنڈ پر درخواست دینے والوں کے لیے نادرا کا جاری کردہ ایف آر سی (فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ) اور طلاق نامہ لازمی قرار دیا گیا ہے,میڈیکل گراؤنڈ پر ٹرانسفر حاصل کرنے کے لیے سروسز ہسپتال کا جاری کردہ مستند میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہوگا,بیوہ اساتذہ کو ٹرانسفر کے لیے اصل ڈیتھ سرٹیفکیٹ لازمی طور پر فراہم کرنا ہوگا۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ صرف انہی امیدواروں کی درخواستیں قبول کی جائیں گی جو اصل دستاویزات پیش کریں گے،جعلی یا بوگس دستاویزات جمع کروانے والے اساتذہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ سخت شرائط کا مقصد تبادلوں کے عمل کو میرٹ پر یقینی بنانا اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
اساتذہ کے تبادلوں کے لیے سخت شرائط عائد