مہنگائی میں معمولی ریلیف، ہفتہ وار شرح 0.09 فیصد کم ہو گئی

مہنگائی میں معمولی ریلیف، ہفتہ وار شرح 0.09 فیصد کم ہو گئی

یہ اعداد و شمار ادارہ شماریات نے اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں جاری کیے ہیں

عوام کے لیے جزوی ریلیف کی خبر سامنے آ گئی، جہاں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.09 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار 2.83 فیصد رہی۔

یہ اعداد و شمار ادارہ شماریات نے اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں جاری کیے ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 13 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ 11 اشیاء سستی ہوئیں اور 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

 مہنگی ہونے والی اشیاء میں 200 گرام لال مرچ پاؤڈر کا ڈبہ 20 روپے تک مہنگا ہوا، جبکہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 21 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح بجلی کے چارجز فی یونٹ 10 پیسے بڑھ گئے، لہسن کی فی کلو قیمت میں 6 روپے تک اضافہ ہوا، جبکہ انڈے فی درجن دو روپے اور دال مونگ فی کلو دو روپے تک مہنگی ہوئی۔

 تازہ دودھ، مٹن، بیف، سرسوں کا تیل اور ویجیٹیبل گھی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آلو فی کلو 7 روپے اور ٹماٹر 6 روپے فی کلو تک سستے ہوئے، جبکہ چینی کی فی کلو قیمت میں بھی 7 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

 دال مسور، ایل پی جی گھریلو سلنڈر، پیاز، گڑ اور آٹا بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے