کراچی، پولیس چیف آزاد خان کا بڑا ایکشن، کئی افسران ڈسمس فرام سروس
ایس ایچ اوز نے اپنے تھانوں میں ذاتی پولیس گروپس اور غیر قانونی سرگرمیوں میں حصہ لیا
کراچی پولیس کے سربراہ آزاد خان نے بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے الزام میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے متعدد معروف افسران کو سروس سے فارغ کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق برطرف کیے گئے افسران پر تھانوں میں پرائیوٹ پولیس پارٹیز چلانے اور آرگنائزڈ کرائم میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات تھے۔
رپورٹس کے مطابق چودھری اسلم کی ٹیم کے ممبر راجہ خالد کو ڈسمس فرام سروس کر دیا گیا، جبکہ سابق ایس ایچ او پیر آباد مختیار پنہور اور انسپکٹر چودھری جاوید بھی سروس سے فارغ کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ اوز نے اپنے تھانوں میں ذاتی پولیس گروپس اور غیر قانونی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جس کی وجہ سے اعلیٰ حکام نے سخت ایکشن لیا۔
پولیس حکام کے مطابق کمیٹی مزید برطرف افسران کے خلاف تحقیقات جاری رکھے گی تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث دیگر اہلکاروں کی بھی نشاندہی کی جا سکے۔ اس اقدام کو پولیس میں شفافیت اور نظم و ضبط قائم کرنے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کراچی میں اس قدم کے بعد پولیس کے اندر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور عوامی اعتماد بحال کرنے کی امید بڑھ گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں قانون کی حکمرانی اور پولیس کی پیشہ ورانہ ساکھ کو بحال کرنے کے لیے مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔
