ایران کے ساتھ معاہدے پر دستخط کل ہوں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
اس معاہدے میں کسی قسم کی مالی ادائیگی شامل نہیں ہوگی، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر کل دستخط کیے جائیں گے جب کہ معاہدہ طے پاتے ہی آبنائے ہرمز کو تمام ممالک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ اس معاہدے میں کسی قسم کی مالی ادائیگی شامل نہیں ہوگی اور ماضی میں ہونے والے معاہدوں کے برعکس ایران کو اربوں ڈالر نہیں دیے جائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کے ایران معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے نے ایران کو جوہری ہتھیار کے حصول کا آسان راستہ فراہم کیا تھا جب کہ ان کا معاہدہ اس کے برعکس ہے اور جوہری ہتھیاروں کے خلاف مضبوط رکاوٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اب جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہش مند نہیں رہا اور ایران کے ساتھ تعلقات سابقہ حکومتوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ حالات بہتر ہونے کے بعد ایران سے جوہری مواد حاصل کیا جائے گا اور اسے پہاڑی علاقوں میں محفوظ طریقے سے دفن کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران اور مشرق وسطیٰ کے ساتھ طویل مدت تک تعاون کے منتظر ہیں۔
